لاہور: (دنیا نیوز) چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ق) چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہماری بدقسمتی ہے 75 سال میں ہماری قوم کی لیڈر شپ کرپٹ رہی۔
یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد نوجوان مسلم لیگ( ق) میں شامل ہو گئے، پاکستان کا ہر نوجوان ہمارا ہر اول دستہ بنے گا، جو ٹیلنٹ پاکستان کے بچوں میں ہے کسی ملک کے پاس نہیں، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر نعمت سے نوازا ہے، ہماری بدقسمتی ہے 75 سال میں ہماری قوم کی لیڈر شپ کرپٹ رہی۔
انہوں نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت کی سربراہی میں پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے، میری زندگی کا مقصد لوگوں کی خوشیاں واپس لانا ہے، وکٹیں گرانے کا کہنے والوں کو آج 1 لاکھ یوتھ کی شمولیت سے جواب دے دیا، کوئی ملک بھیک اور قرضے لے کر ترقی نہیں کر سکتا، انتخابات سے پہلے قوم کے سامنے اپنی پارٹی کے منصوبے رکھیں گے۔
چودھری سرور نے مزید کہا ہے کہ ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا جا رہا ہے، سفارتخانوں میں بھی سفارشی لوگ لگائے گئے ہیں، بطور گورنر میں نے تمام یونیورسٹیوں میں وی سیز میرٹ پر لگائے، فرسودہ اور کرپٹ نظام نوجوانوں کو آگے نہیں جانے دے رہا۔