کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی کے واضح مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، 15 جون کو ان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو جائیں گے۔
کراچی میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، پیپلز پارٹی والے بلدیاتی الیکشن کروانا ہی نہیں چاہتے تھے، ہمیں ہرانے کیلئے اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کی گئیں، بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنے کی بھی کوشش کی ہوئی، اپنے مینڈیٹ سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا ہے کہ کل سپریم کورٹ جائیں گے، کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی سیٹوں پر قبضہ کیا گیا، میئر کیلئے ہمارے 193 نمبر ہیں اور ان کے 153 ہیں، یہ کہہ رہے ہیں 193 والا ہار اور 153 والاجیت جائے گا، پیپلز پارٹی نے اپنی تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا، انہوں نے 1971 میں پاکستان توڑ دیا، مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایوب خان کی گود میں بیٹھ کر مادر ملت کو ہرایا گیا، 1977 کے الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی تھی، اس وقت بھی آپ بندے اٹھاتے تھے آج بھی وہی کام کر رہے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں چیئرمینز ووٹ ڈالنے ہی نہیں آئیں گے، کراچی کے لوگ آپ سے نفرت کرتے ہیں، کراچی لاوارث ہو چکا، شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔