مجھے ایسے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں ٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں: پرویز الہٰی

Published On 13 June,2023 04:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جس سیل میں مجھے رکھا گیا ہے اس میں ٹانگیں بھی سیدھی نہیں ہوتیں، ٹانگیں ٹیڑھی کر کے سیل میں رہنا پڑتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ دس دن سے ایک ہی شلوار قمیض پہنی ہوئی ہے، دوائی نہ ہی ڈاکٹر کی سہولت ہے، میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل، فریقین سے جواب طلب

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کارڈیالوجی میں ٹیسٹ بھی آدھے ہوئے، میں نے تو اپنے دور میں کسی سے برا سلوک نہیں کیا نہ کسی کو اپنا دشمن سمجھا، دس دن بعد لوگوں کو دیکھ رہا ہوں، ملاقات کروانا تو دور کی بات ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کون لوگ ہیں جو اس طرح کی بات کر رہے ہیں کہ میں تحریک انصاف میں نہیں، یہ بات وہ کر رہے ہیں جو وکٹ کی دونوں جانب کھیل رہے ہیں، میرے ساتھ جو ہو رہا ہے جو حالات اور کیس ہیں وہ تحریک انصاف کی وجہ سے ہے، تحریک انصاف میں ہی ہوں۔