وزیر اعظم کی سمندری طوفان کے پیش نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

Published On 13 June,2023 08:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر لوگوں کی حفاظت کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت سمندری طوفان کے حوالے سے اجلاس ہوا، شرکاء کو ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ حکومت، NDMA اور دیگر ادارے مل کر ساحلی علاقوں میں موبائل ہسپتالوں کا قیام، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کا خاطر خواہ انتظام، نقل مکانی کرنے والے افراد کے کیمپس میں پینے کے صاف پانی اور خوراک کا خصوصی انتظام یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بپر جوئے کراچی سے 420 کلو میٹر دور، شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

وزیر اعظم نے وزیر توانائی خرم دستگیر کو جنوبی سندھ کے اضلاع میں سمندری طوفان کے اثرات ختم ہونے تک موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر آئندہ چند دن ساحلی علاقوں میں 24 گھنٹے بجلی کے ترسیلی نظام کی نگرانی کریں، سمندری طوفان کے بعد بجلی کے ترسیلی نظام کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی فوری مرمت کرکے بجلی کی بحالی یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: طوفان کی شدت برقرار رہی تو مزید حفاظتی اقدامات کریں گے: چیئرمین این ڈی ایم اے

وزیر اعظم نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کمیٹی بھی قائم کر دی، جس میں وزیرِ موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر توانائی خرم دستگیر خان، وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، چیئرمین NDMA لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر، حکومت سندھ ، بلوچستان، محکمہ موسمیات اور NIH کے نمائندے شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کمیٹی طوفان سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تسلسل کے ساتھ اپنی مشاورت جاری رکھے، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے عوام کو بھی آگاہ رکھے، ساحلی علاقوں سے لوگوں کا مکمل انخلاء، متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ممکنہ صورتحال سے انشاء اللہ سب ادارے مل کر نبرد آزما ہوں گے۔