طوفان کی شدت برقرار رہی تو مزید حفاظتی اقدامات کریں گے: چیئرمین این ڈی ایم اے

Published On 13 June,2023 07:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی سائیکلون آتے ہیں وہاں کا حل لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا ہے، اس معاملے میں 50 سے 60 ہزار لوگوں کے نقل مکانی کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیر توانائی خرم دستگیر کے ساتھ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ بپر جوائے طوفان کا رخ شمال مشرق کی طرف ہے، وقت کے ساتھ ہوا میں شدت آ رہی ہے، بدین سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق ہواؤں میں شدت ہے، حیدر آباد میں ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بپر جوئے کراچی سے 420 کلو میٹر دور، شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیر اعظم نے نیشنل کلائمیٹ ایمرجنسی کمیٹی بنائی ہے، جس میں این ڈی این اے، صوبائی حکومت، محکمہ موسمیات اور سندھ کے نمائندے شامل ہیں، جوائنٹ انفارمیشن سینٹر کام کر رہا ہے، طوفان کی شدت میں اضافہ ہوا تو فضائی ٹریفک کو بھی کنٹرول کیا جائے گا، سندھ کے تمام ہسپتالوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا، سندھ نے اضافی امداد کا بندوبست کر رکھا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ بین الاقوامی این جی اوز کے ساتھ بھی ہم نے تمام معلومات شیئر کی ہیں، ہم نے زیادہ سے زیادہ افراد کا تحفظ یقینی بنانا ہے، کل تک طوفان کی شدت اسی طرح رہی تو مزید اقدامات کریں گے، کیٹی بندر کی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، سجاول کے 90 فیصد افراد کو بھی منتقل کیا جا چکا ہے، 50 ہزار افراد کو دیگر مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔

میجر پلانٹ آف لائن کرنے سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو سکتا ہے: وزیر توانائی خرم دستگیر

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سائیکلون کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں، ابھی صورتحال معمول کے مطابق ہے، لوکل ٹرانسمیشن متاثر ہو سکتی ہے، تھر میں 2 ہزار میگاواٹ کا اضافہ کیا گیا، بجلی بنانے کے کارخانوں کو روکا جا سکتا ہے، وزیر آبی ذرائع کے مشکور ہیں انہوں نے تربیلا سے بجلی پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ میجر پلانٹ کو آف لائن کرنا پڑا تو کر سکتے ہیں، آف لائن 96 گھنٹے تک ہو سکتی ہے، لوڈشیڈنگ میں تھوڑا سا اضافہ ہو سکتا ہے، بجلی کا نظام مکمل طور پر فعال ہے، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد کی انتظامیہ سے بھی مکمل رابطے میں ہے۔