لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت میں گڈ ٹو سی یو، گڈ لک نہ کہا جاتا تو 9 مئی کے واقعات پر آج ہم شرمندہ نہ ہوتے، واقعات میں ملوث افراد کو ریلیف دینے والے بھی مجرم ہیں، ملوث لوگوں کو مثال بنانا پڑے گا۔
جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس میں جلی ہوئی تصاویر دیکھیں، ایسا کوئی محب وطن شخص نہیں کر سکتا، یہ وہ فارن فنڈنگ ہے جو 2013 سے متحرک ہے اس کا نتیجہ ہے، ماسٹر مائنڈ کا تو پتا چل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف الیکشن سے پہلے پاکستان میں ہوں گے: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نو مئی کا منصوبہ زمان پارک میں بیٹھ کر بنایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے گھر بیٹھ کر جناح ہاؤس جلایا، کہتا ہے میں تو جیل میں تھا، اس نے نوجوانوں کو نفرت کی آگ میں جھونکا ہے، شہدا کی یادگاروں، ایمبولینس کو جلایا گیا، اب انسانی حقوق کی بات کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ نو مئی کے سانحہ کو کسی کی سیاست سے نہیں جوڑا جا سکتا، ریاست کی ریڈ لائن کو پار کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، نو مئی واقعات کے منصوبہ ساز محب وطن نہیں ہو سکتے، سہولت کاری کرنے والے بھی اس جرم کا حصہ ہیں۔