اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے تگ ودو کر رہے ہیں، ہماری ہر پالیسی کا محور پاکستان ہے، روس سے درآمد شدہ تیل سے جلد عوام مستفید ہوں گے، ملکی تاریخ میں پہلی بار روس سے تیل پاکستان پہنچا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے دوستوں نے کہا کہ روس سے پٹرول نہیں آئے گا، دوستوں نے کہا ہماری حکومت روس جانے کی وجہ سے گئی، جو آپ نہ کر سکے وہ ہم نے کر دکھایا، ریفائنری پالیسی تسلیم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر کے ڈرامے کے بعد امریکا کے آگے گڑ گڑانے تک کا سفر عوام نے دیکھ لیا، مانتے ہیں مہنگائی ہے، اس کیلئے کام کر رہے ہیں، 75 سال میں پہلی بار روسی تیل کا جہاز پاکستان آیا تھا۔
وزیر مملکت پٹرولیم نے کہا کہ دوستوں نے کہا امریکا نے روس سے تیل لانے پر ہماری حکومت ختم کرائی، امریکا ہمارے خلاف سازش کر رہا ہے، پرانی ریفائنریز کو اپ ڈیٹ کرنے کی سمری کابینہ کے پاس موجود ہے، آذربائیجان ہر ماہ پاکستان کو ایل این جی کا ایک کارگو فراہم کرے گا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی کا محور پاکستان کی ترقی ہے، ہر روز پوچھتے تھے کہاں ہے تمہارا تیل کا جہاز، ہم ترکمانستان سے گیس پاکستان لانا چاہتے ہیں، یورپی ممالک کو دعوت دی ہے کہ پاکستان میں ایل این جی کے کارخانے لگائیں۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ ملکی گیس کے گردشی قرضے کو صفر کر دیا ہے، ایک لاکھ ٹن روسی خام تیل ’یورول‘ خریدا ہے، سیمپل کی ٹیسٹنگ ہو چکی ہے۔