لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ کامران نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ثانیہ کامران نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں پچھلے 15 سال سے پنجاب میں سیاسی جدوجہد کر رہی ہوں، شخصیات ریڈ لائن نہیں ہوتیں پاکستان ریڈ لائن ہے۔
ثانیہ کامران کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے بعد جو واقعات پیش آئے انتہائی افسوسناک ہیں، کپتان کے اردگرد لوگ پر تشدد سیاست کرنا چاہتے تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی ایک بار پھر مقبولیت کا سلسلہ جاری ہے، ہم چاہتے ہیں کہ گراس روٹ لیول سے اوپر آنے والے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
حسن مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ آج ثانیہ کامران صاحبہ پیپلز پارٹی کی فیملی کا حصہ بنی ہیں، پیپلز پارٹی پیار، محبت، اخلاص اور عزت دینے والی جماعت ہے۔