بلاول بھٹو سے تاجروں کی ملاقات ، معاشی صورتحال اور بجٹ پر تحفظات کا اظہار

Published On 14 June,2023 09:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں تاجر رہنماؤں نے معاشی صورتحال اور بجٹ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے مختلف تاجر تنظمیوں اور چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے ملاقات کی اور ان سے مجموعی معاشی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو نے ملاقات کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے ملکی ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور آج لاہور میں ملک بھر کے تاجر رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر مجھے مشکل معاشی صورت حال میں ان کے بلند حوصلے دیکھ کر خوشی ہوئی، پاکستان پیپلزپارٹی تاجر برادری کے مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے و الوں میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور لاہور چیمبر کے سابق صدر شہزاد علی ملک، دین گروپ کے چیئرمین اور وزیر صنعت پنجاب ایس ایم تنویر، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور عبدالرؤف عالم اور درو خان شامل تھے۔

اس کے علاوہ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، خیبر چیمبر کے صدر جواد کاظمی، سرگودھا، شیخوپورہ، لاڑکانہ اور رحیم یار خان چیمبر کے گروپ لیڈرز عامر عطا باجوہ، منظور ملک، ممتاز علی شیخ اور رؤف مختار نے بھی ملاقات کی۔