کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی کے انتخاب کے موقع پر آرٹس کونسل کے باہر پیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔
پیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان نے ایک دوسرے پر شدید پتھراؤ بھی کیا اور نعرے بازی بھی کی، حالات کنٹرول کرنے کیلئے پولیس اور رینجرز نے پیش رفت کی اور پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔
اس موقع پر آرٹس کونسل کے باہر کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پتھراؤ کے بعد آرٹس کونسل کے باہر دونوں جماعتوں کے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے، جبکہ کئی نیوز چینلز سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی زخمی ہوئے۔
اس سے قبل بھی آج صبح جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی، دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہوئی۔
اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔