بجٹ سے ٹیکسٹائل، سٹیل ملیں ایک ہفتے میں بند ہونے کا خدشہ ہے، رضا ربانی

Published On 15 June,2023 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ سے یہ خدشہ ہے کہ ٹیکسٹائل اور سٹیل ملیں ایک ہفتے کے اندر بند ہو جائیں گی۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی سامراج کے کہنے پر آئی ایم ایف شاید معاہدہ نہیں کرنے جا رہا، اب بجٹ میں سے بھی وہ میم میخ نکال رہا ہے، تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا ہو رہا ہے کہ کوئی بین الاقوامی مالیاتی سامراجی ایجنسی کسی خود مختار ملک کے بجٹ کو دیکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر مختلف پالیسیز لائی گئیں، ان پالیسیز سے مزدوروں کے روزگار کے اوپر قدغنیں لگیں، ملیں بند ہونے سے فیکٹری مزدوروں کی بڑی تعداد متاثر اور بے روزگار ہوگی، وزیر خزانہ کے توجہ اس معاملے کی طرف دلواتا ہوں، اس طرح اگر فیکٹری مزدوروں کے ساتھ ہوتا رہا تو یہ ملک کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔