طوفان بائپر جوائے : سندھ کے مختلف ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ

Published On 16 June,2023 12:39 pm

کراچی : (ویب ڈیسک ) سمندری طوفان بائپر جوائے کے پیش نظر سول ایوی ایشن حکام نے پروازوں کیلئے نیا نوٹم جاری کردیا، جس کے مطابق کراچی، سکھر، موہنجو داڑو اور نوابشاہ ایئر پورٹس پر پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

سی اے اے کے اعلامیے کے مطابق محفوظ ہوائی سفر سے متعلق نوٹم تیز ہواؤں کے امکان کے باعث جاری کیا گیا جوآج رات 12 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نوٹم کے تحت کراچی، سکھر، موہنجوداڑو اور نواب شاہ ایئرپورٹس پر پروازوں کو لینڈنگ یا ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے باعث سندھ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کا راج ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ 18 جون تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ، اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے ۔