لاہور: (دنیا نیوز) چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا ہے کہ سمندری طوفان بیپر جوائے کا براہ راست کراچی سے ٹکرانے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 6 جون کی شام کو سائیکلون بنا تھا، سمندری طوفان ابھی کراچی کے جنوب 380 کلو میٹر دور ہے، سمندری طوفان کی ڈائریکشن اب تبدیل ہو رہی ہے، اس کا ٹریک شمال کی طرف ہے، کل صبح ٹریک شمال مشرق کی جانب ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بپر جوئے کراچی سے 380 کلو میٹر دور، شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا ہے کہ شمال مشرق کی طرف بڑھتے ہوئے کیٹی بندر اور گجرات کی طرف سے ساحل سے ٹکرائے گا، اگلے تین سے چار دن تک موسلا دھار بارشیں ہوں گی، اس دفعہ مون سون کی بارشیں معمول سے کم ہوں گی، سندھ، بلوچستان میں معمول سے کافی کم بارشیں ہوں گی، مون سون بارشوں کا اتنا بڑا خطرہ نظر نہیں آرہا۔