وزیر توانائی سندھ کی متوقع بارشوں کے پیش نظر افسران کو اہم ہدایات

Published On 14 June,2023 01:25 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ نے سیکرٹری پاور ڈویژن، مینجنگ ڈائریکٹر ( ایم ڈی ) سوئی سدرن، چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) کے الیکٹرک اور حیسکو چیف کو متوقع طوفانی بارشوں کے پیش نظر اہم ہدایات جاری کر دیں۔

وزیرتوانائی سندھ نے تمام افسران کو ہدایات جاری کیں کہ متوقع طوفانی بارشوں میں گیس کی سپلائی کومسلسل جاری رکھا جائے اور طوفان کی صورتحال میں بجلی اورگیس کی فراہمی کویقینی بنایا جائے۔

امتیازشیخ کا کہنا تھا کہ گیس کی شارٹیج کی صورت میں وفاق کے الیکٹرک کواضافی بجلی فراہم کرے تاکہ بجلی کے تسلسل کوجاری رکھا جا سکے۔

سیکرٹری پاورڈویژن نے بریف کیا کہ ڈویژن نے سندھ میں طوفان کی صورتحال کے پیش نظر 350 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو طوفان کی صورتحال کے بعد بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو کریں گی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چار دنوں میں کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، میرپور خاص میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوائیں متوقع ہیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، بپر جوئے طوفان کے اثرات پری مون سون موسم پر بھی ہوں گے۔