راولپنڈی : (دنیانیوز) پاکستان کا ایک اور دشمن جہنم واصل ، کالعدم دہشتگرد تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کا کمانڈر نواز علی رند اندرونی لڑائی میں مارا گیا، نواز رند کی ہلاکت ہمسایہ ملک میں پراسرار حالات میں ہوئی۔
عسکریت پسند نواز علی رند کا تعلق آواران سے تھا، جو 2014 سے بی ایل ایف کا سرکردہ رکن تھا ، نواز رند سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔
سابق سربراہ کالعدم بی این اے گلزار امام شمبے کی گرفتاری کے بعد عسکریت پسند گروپوں میں پھوٹ پڑ چکی ہے، بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کے اتحاد بی آر اے ایس کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انٹیلی جنس اداروں کی کامیابیوں سے دہشتگرد تنظیمیں دباؤ کا شکار ہیں، گھیرا تنگ ہونے سے دہشت گرد تنظیمیں اپنے ہی کمانڈرز کو مارنے لگی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل جماعت الاحرار کا کمانڈر بھی اسی طرح کے حالات کا شکار ہوا تھا ، ملک دشمنوں کواب سر چھپانے کا ٹھکانہ نہیں مل رہا ، امید ہے اس طرح کے واقعات سے بلوچستان میں دہشت گردی میں واضح کمی آئے گی۔