کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے امیر جماعت اسلامی اور میئر کراچی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو بھی میئر کراچی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دے دی۔
15 جون کو آرٹس کونسل میں ہونے والے میئر کراچی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ ملے۔
جماعت اسلامی نے میئر کراچی کے انتخابات کو کالعدم قرار دیکر پاکستان تحریک انصاف کے لاپتہ اراکین کو پیش کر کے دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی تقریب حلف برداری آج پولو گراؤنڈ میں ہو گی جس میں شرکت کے لیے حافظ نعیم الرحمان سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کو دعوت دی گئی ہے۔
نو منتخب میئرمرتضی وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد آج حلف اٹھائیں گے، الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نو منتخب میئر اور ڈپٹی میئر سے عہدوں کا حلف لیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میئر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت ملی ہے، حلف براداری تقریب میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق آج پریس کانفرنس میں بتاؤں گا۔