ہم نے بڑی محنت سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا: احسن اقبال

Published On 21 June,2023 06:33 pm

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد آئین کے مطابق 60 یا 90 دن کے اندر شیڈول کے تحت الیکشن ضرور ہوں گے۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پچھلے 4 سال میں تباہ کیا گیا، عالمی سرمایہ کاروں کو بھگا دیا گیا، اب چین بھی بڑے منصوبوں پر سرمایہ کاری کرتے نظر آ رہا ہے، ہم نے پچھلے ایک سال کے دوران بڑی محنت سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ملک کے اندر آئین کے مطابق جو مدت ہے اس پر حکومت علیحدہ ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: 4 سال میں بنائے گئے ذہن طاقت سے ٹھیک نہیں کر سکتے، جاوید لطیف

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تاریخی دن تھا، وزیراعظم نے ملک کے اندر سرمایہ کاری کیلئے ایک نیا ادارہ قائم کیا، جس میں پاکستان کے سول، ملٹری ادارے مل کر کوشش کریں گے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کرنے والے بالخصوص خلیجی ممالک کویت، سعودی عرب، یو اے ای دیگر شامل ہیں، ان سے ہم بلین آف ڈالرز کی ایگریکلچر، مائنگ، آئی ٹی کے اندر انویسمنٹ لے کر آئے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا ہے کہ انویسمنٹ کو آگے بڑھانے کیلئے ون ونڈو آپریشن قائم کیا جائے گا، کل چین نے پاکستان میں ایٹمی توانائی پلانٹ کیلئے ساڑھے تین ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں، اس پر اگلے مہینے کام شروع ہو جائے گا، شاہد خاقان عباسی ہمارا اثاثہ ہیں، انہوں نے قربانیاں دی ہیں، وہ پارٹی نہیں چھوڑ سکتے، وہ پکے ساتھی ہیں۔