لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت اندرون شہر میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے ادارے کی کارکردگی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی اور بھرپور سپورٹ پر نگران وزیر اعلیٰ اور کابینہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور شہر کے 12 قدیم دروازوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا اس حوالے سے ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو تاریخی دروازوں کی بحالی کا ٹاسک دے دیا گیا، کابینہ نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔