کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، میئر کا الیکشن ہم سے چھینا گیا، پیپلز پارٹی سن لے، ہمارے ساتھ ٹھیک طریقے سے چلے گی تو ہم ٹھیک طریقے سے چلیں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام بلدیاتی نمائندگان کے لیے استقبالیہ و کنونشن کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 13 ماہ تک بھرپور انتخابی مہم چلائی، یہ پہلا بلدیاتی نمائندگان کا کنونشن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ نے اے ٹی سی کو عذیر بلوچ کیخلاف درج 5 مقدمات کا فیصلہ کرنے سے روک دیا
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہم نے بہت مشکل حالات دیکھے ہیں، ہم نے ضمنی الیکشن میں بارہ بارہ لاشیں اٹھائی تھیں، آج بھی مجھے اسلم مجاہد اور پرویز محمود کی قربانیاں یاد ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، کراچی کے مسائل کو بہت عرصے سے ہر فورم پر اٹھا رہے تھے، پانی، بجلی سمیت تمام بنیادی مسائل کو اجاگر کر رہے تھے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ میئر کے انتخاب کے دوران جو ہوا وہ سب نے دیکھا، میئر کا الیکشن ہم سے چھینا گیا، خود پی پی کے لوگ کہتے ہیں کہ حق جماعت اسلامی کا تھا، لوگ مجھ سے کہتے ہیں اب اس ملک میں رہنانہیں چاہتے، کنٹونمنٹ الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی نے خرید و فروخت کا بازار لگا کر کامیابی حاصل کی تھی، میں لوگوں سےکہتا ہوں کہ مایوس نہیں ہوں جدوجہد جاری رکھیں، انہوں نے میئر اور ڈپٹی میئر شپ چھینی ہے، ہمیں زبردست اپوزیشن کرنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف سے ملاقات کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف فرانس سے لندن جائیں گے
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی کو ایسی اپوزیشن کرنی ہے کہ ان کو چھٹی کا دودھ یاد آجائے گا، ٹاؤن چیئرمینز کو بھی کرپشن کے خلاف کام کرنا ہے، ہمیں اپنا حق ان سے چھین کر لینا ہے، پیپلز پارٹی اچھی طرح سن لے ہمارے ٹاؤن کے کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے، ہمارے ساتھ ٹھیک طریقے سے چلو گے تو ہم ٹھیک طریقے سے چلیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی افسروں کی عزت کا بھی منتخب چیئرمینز کو خیال کرنا چاہیے، بلدیاتی افسران کو ٹھیک کام کرنا ہے اگر وہ ایسا نہ کریں تو ان کو کسی دوسری جگہ ٹرانسفر کرانا ہو گا، پیپلز پارٹی نے اس شہر کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کی ہے، پیپلز پارٹی نے قبضہ کیا ہے، ڈکیتی ڈالی ہے، اس قبضے کو قبضہ اور چوری کو چوری ہی کہا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عید الاضحیٰ کی چھٹیوں میں اضافہ، نیا نوٹیفکیشن جاری
انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ تو ہم اس شہر کی کروا ہی لیں گے، آپ کو کونسل میں پتہ چل جائے گا کہ ہمارا رول کیا ہے، کراچی کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، اگر ہم نے اس الیکشن کو قبول کر لیا تو آئندہ بھی ایسا ہی چوری، اغوا اور ڈکیتی کا الیکشن ہوگا۔