پیرس: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، وطن کی ترقی کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات کی جس میں پاکستان بزنس فورم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، دنیا وعدے پورے کرے، وزیراعظم
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں، گزشتہ 4 سال میں معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا دی گئی، پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت سے خارجہ تعلقات بحال کیے۔
— PMLN (@pmln_org) June 23, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنا دی ہے، معاشی خود مختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بنا سکتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کریں، 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کے خلاف جھوٹ بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔
ملاقات میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے، فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم کو گلدستہ بھی پیش کیا۔