پیرس : (دنیانیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین سے ملاقات ہوئی ہے۔
فرانس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلی سطح کے روابط کا خیرمقدم کیا ۔
ملاقات میں جی ایس پی پلس کی اہمیت اور مضبوط سیاسی عزم کا اعادہ کیا گیا ، یورپی کمیشن کی صدر نے 2022 کے سیلاب سے بحالی کی پاکستان کی کوششوں کو سراہا ۔
وزیراعظم نے رواں سال 9 جنوری کو جنیوا میں منعقدہ ’’ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس‘‘ میں شرکت پر یورپی کمیشن کی سربراہ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے یورپی اداروں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
یورپی کمیشن کی صدر نے بحالی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا جبکہ جی ایس پی پلس سمیت یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کی سطح کی بھی تعریف کی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے یورپی کمیشن کی سربراہ کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ان دنوں فرانس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس میں شریک ہیں ، وزیراعظم نے فرانس میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر، فرانسیسی صدر میکرون، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جرنل انتونیو گوتریس سمیت دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں بھی کی ہیں ۔