پیرس: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔
عالمی معاشی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مالیاتی اقدامات بارے "نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ" سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمٹ کے بہترین انعقاد پر فرانسیسی صدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، 33 لاکھ افراد گھروں سے محروم اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، سیلاب سے 20 لاکھ گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے، سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ ہوئے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، سیکرٹری جنرل نے سیلاب سے ہونیوالی تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھی، پاکستان کے عوام نے سیلاب جیسی بڑی آفت کا بہادری سے مقابلہ کیا، دیکھنا ہوگا کہ جب جنوبی ممالک مصیبت میں ہوں تو شمالی ممالک کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملٹری ٹرائل کیخلاف اس 7 رکنی بینچ کا فیصلہ بھی کوئی نہیں مانے گا: عرفان قادر
انہوں نے کہا کہ جب تک عالمی سطح پر معاشی انصاف نہیں ہوگا تو دنیا خطرے سے دو چار ہو گی، ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا ہو گی۔