جہانیاں: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگر بیرونی دباؤ سے جماعتیں ختم ہوتیں تو آج پیپلز پارٹی کا وجود نہ ہوتا۔
صحافیوں سے گفتگو میں رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے، پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے، تاخیر نہیں ہوگی، انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی بات کچھ دوست جوش خطابت میں کہہ جاتے ہیں، پنجاب میں ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی باتیں قبل از وقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلاف، رائے میں اختلاف کی حد تک ہے، تنقید کا مقصد اصلاح کرنا ہے، تضحیک کرنا نہیں، بجٹ میں ہم نے جو اختلاف رائے کیا ان تجاویز سے حکومت نے اتفاق کیا، اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، اختلاف رائے رکھنا ہر کسی کا حق ہے۔
قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کا ثبوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے شفاف ٹرائل ہونا چاہیے اور انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، سیاسی جماعتیں باہر سے ختم نہیں کی جاسکتیں، تمام تر دباؤ کے باوجود پیپلز پارٹی آج بھی اس ملک کی مقبول جماعت ہے۔