اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھنے والے آج اسی کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کو سیاست تب یاد آتی ہے جب جناح ہاؤس پر حملہ آور ہوتے ہیں، شہدا کی یادگاروں پر حملے ہوں گے تو پیپلز پارٹی آپ کا دفاع کرنے میدان میں نہیں آئے گی، ملٹری کورٹس کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ تھا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پالیسی کے حوالے سے ہمارے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن چارٹر آف ڈیموکریسی کو ہر صورت قائم رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، دنیا وعدے پورے کرے: وزیراعظم
بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر اور نریندر مودی ملاقات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بھارتی سربراہان کی ملاقات کے بعد ایک بیان آیا ہے، دفتر خارجہ کی طرف سے بھی اس کا جواب آئے گا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں دنیا کی سیاست سے تھوڑا دور رہنا ہو گا اور اندرونی معاملات کو درست کرنا ہو گا، پاکستان پہلے اور آج بھی اپنے بل بوتے پر کھڑا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری دنیا میں پاکستان کی شہادتیں زیادہ ہوئیں، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: آئین کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھنے والے آج اسی کے پیچھے چھپ رہے ہیں، بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو دنیا کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، دہشت گردی پر جیوپولیٹکل سیاست نہیں کرنی چاہیے، دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں ہماری ہیں، ہم کیوں دہشت گردی کا خاتمہ نہیں چاہیں گے؟