لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ میثاق معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ ن کو دھوکا نہیں دوں گا۔
لاہور میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ پاکستان گولڈن باسکٹ ہے، اللہ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا، ایکسپورٹس کو یورپ تک لے جانے کے لیے میں نے کوششیں کیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے، میثاق معیشت وقت کی ضرورت ہے، میثاق معیشت پر بات اور دستخط کرنے کے لیے تیار ہوں، پاکستان متاثر ہو گا تو ہم سب متاثر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئین کو کاغذ کا ٹکڑا سمجھنے والے آج اسی کے پیچھے چھپ رہے ہیں، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ عدم تحفظ کی وجہ سے پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کر رہے ہیں، میں آپ کو لیول پلیئنگ فیلڈ دوں گا، انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کی ایکسپورٹس کا جائزہ لے چکا ہوں، بھارتی مصنوعات براستہ بنگلا دیش بیچی جا رہی ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ بنگلا دیش کی 70 فیصد ٹیکسٹائل برآمدات بھارتی ساختہ ہوتی ہیں، بنگلادیش میں بھارتی ٹیکسٹائل پر میڈ ان بنگلا دیش کا ٹیگ لگتا ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں امداد نہیں تجارت کے مواقع دیکھنا ہوں گے، پہلے مقابلے کی سطح نہیں تھی اب ملکوں میں معیشت کی سطح پر مقابلہ ہوتا ہے، جھل مگسی سندھ کے قریب ہے وہاں کپاس کی کاشت کرانا چاہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کی پوری تاریخ دھاندلی، کرپشن، خرید و فروخت کی ہے، سراج الحق
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے تجارت کو فروغ دینا ہوگا، آج پوری دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے، تجارت کو فروغ دے کر معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ سعودی عرب، ایران کے تعلقات بہتر ہو گئے ہیں، اب پاکستان ایران گیس پائپ لائن بھی جلد شروع ہو گی، اب گیس پائپ لائن میں تاخیر کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، دنیا وعدے پورے کرے: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ جب آپ سب امیر ہوں گے تو پاکستان امیر ہو گا، ملک کے بہتر مستقبل کے لیے سب کو متحد ہونا ہو گا، کرکٹر کو پارلیمنٹ میں کہا تھا چارٹر آف اکانومی کرو، اس آدمی کو کوئی اندازہ نہیں تھا کوئی اس نے کام کیا ہو تو پتا ہوتا۔