لاہور: (دنیا نیوز)چیئرمین نیب کے احکامات پر عملدرآمد شروع، نیب لاہور میں پہلی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹینٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں نیب لاہور میں آج عوام کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں کھلی کچہری کا آغاز ہوا جس میں ہاؤسنگ سیکٹر کے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل سے ڈی جی نیب لاہور کو آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی احتساب بیورو کو مکمل طور پر غیر سیاسی بنا کر دم لیں گے: چیئرمین نیب
کھلی کچہری میں سائلین کی بڑی تعداد کرپشن و دھوکہ دہی کی شکایات لئے پہنچی جہاں ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے سائلین کے مسائل کو نہ صرف بغور سنا بلکہ متاثرین کی شکایات پر متعلقہ آفیسران کو فوری ٹھوس اقدامات اٹھانے کے احکامات صادر کئے۔
نیب لاہور میں منعقدہ کھلی کچہری میں دادرسی کیلئے آنیوالے سائلین کی اکثریت ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونیوالی دھوکہ دہی اور فراڈ سے متعلقہ رہی جن میں پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی، جی مگنولیا ہاؤسنگ پراجیکٹ، اومیگا سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی اور لاہور گارڈن ہاؤسنگ کے متاثرین کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نیب ترمیمی ایکٹ 2023 نافذ، چیئرمین نیب کے اختیارات میں اضافہ
نیب لاہور حکام کیجانب سے سائلین کی شکایات پر جانچ پڑتال کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مذکورہ کیسز میں جلد ازجلد پیش رفت کی جاسکے۔
اس موقع پر ڈی جی نیب نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کی قیادت میں نیب لاہور بدعنوان عناصر کیخلاف بھرپور اقدامات اٹھانے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب لاہور کرپٹ عناصر سے اربوں روپے کی ریکوری ممکن بنا چکا ہے۔