میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت شہریوں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس

Published On 26 June,2023 05:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت شہریوں کے مسائل کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ٹی ایم سیز ویسٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر بورڈ اور ڈپٹی کمشنر ویسٹ کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ افسران باہمی طور پر رابطوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل حل کریں، اورنگی میں گرین بیلٹ پر قائم کی گئی مویشی منڈی کو فوراً ہٹایا جائے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، ٹاؤن ناظمین کے ساتھ صفائی ستھرائی کے حوالے سے مکمل رابطہ رکھے، کسی بھی علاقے میں شہریوں کو کچرے کے حوالے سے شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا ہے کہ واٹر بورڈ منگھوپیر میں فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں سے رسائی کا مسئلہ فوری حل کرے، عید الاضحیٰ کے بعد فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے ضلع وار اجلاس کئے جائیں گے، پہلی ترجیح واٹر لیکیج کو روکنا ہونا چاہیے تاکہ ضائع ہونے والے پانی کو روکا جاسکے۔