سکھر: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آج تک صرف اپنی ذات کیلئے سیاست کی، کارکنان کو اکسانا قابل مذمت ہے، اگر کہیں سے سہولت کاری ہو رہی ہے تو نہیں ہونی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ دبئی میں بڑوں کی ملاقات اچھی بات ہے، ملاقاتیں ہی تو سیاست کا حسن ہیں، دبئی ملاقات میں ظاہر ہے مختلف ایشوز پر باتیں ہوئی ہیں، وہاں کیا ہوا مجھے زیادہ معلومات نہیں، 9 مئی کے سہولت کاروں کو رعایت نہیں ملنی چاہیے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مزید کہا ہے کہ فوجی اور قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانا ناقابل برداشت عمل ہے، ملک سب سے پہلے، پاک فوج ملک کی ضرورت ہے، بجٹ زیادہ اچھا نہیں ہے لیکن موجودہ حالات میں بہتر بجٹ ہے، حکومت حالات کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔