سیاستدانوں کا ایک دوسرے پر اعتماد ہو گا تو معیشت درست ہو سکے گی: خورشید شاہ

Published On 01 July,2023 04:28 pm

سکھر: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کو ایک دوسرے کو اعتماد میں لینا ہو گا، اعتماد ہوگا تو ہم اس خراب معیشت کو درست کرسکیں گے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہر پارٹی کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی پارٹی کے سربراہ کو لیڈر آف ہاؤس بنا سکے، ہماری کوشش ہے کہ بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں، پیپلز پارٹی نے 2008 میں اپنا منشور دیا اور اس پر عمل درآمد کیا۔

وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے مزید کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پارٹی نے اپنا منشور پورا کیا ہو، اب بھی الیکشن سے پہلے ہم اپنا منشور دے دیں گے، پیپلز پارٹی اپنے نشان تیر سے الیکشن میں حصہ لے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کوشش کریں گے کہ دوسری پارٹیوں سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کریں، جب تک ہم سیاستدان ایک جگہ، ایک آواز نہیں ہوں گے صورتحال کنٹرول نہیں ہوگی، ملکی معیشت خطرناک اژدھا بن چکی ہے، اس معیشت کو درست کرنا بڑا چیلنج ہے۔