حافظ نعیم الرحمان کی قرآن کی بے حرمتی کی مذمت، سوئیڈن کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ

Published On 02 July,2023 12:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ قابل مذمت ہے، اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سطح پرقانون سازی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان تمام مذہب کے لوگوں کو احترام سے دیکھتے ہیں، دین اسلام تمام دیگر مذاہب کا احترام کرتا ہے، دین میں زبردستی کسی کو نہیں لایا جا سکتا، کلام پاک سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی چیز نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ حکومت سوئیڈن کے سفیر کو برطرف کرے، مغرب جان لے کہ قرآن کریم ایک مقدس کتاب ہے، ہماری جانیں اپنے نبی ﷺ اور قرآن کے لئے حاضر ہیں، مغرب توہین نہ کرے، جماعت اسلامی سویڈن واقعہ کی مذمت کرتی ہے، ہم احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیرت بیچ کر کوئی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی، معیشت کو حکمرانوں نے تباہ کر دیا، کراچی کا میئر قبضہ میئر آیا ہے، مرتضیٰ وہاب تصویر کھنچوانا چھوڑیں کام کریں، پیپلز پارٹی ووٹ حاصل کر لیتی ہے لوگوں کو سہولت نہیں دیتی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کے عمومی نظام میں بہت سی رکاوٹیں تھیں، آئین کہتا ہے کہ تمام اختیارات بلدیاتی حکومتوں کے پاس ہونا چاہیے، آئین کہتا ہے کہ صوبائی حکومتیں اختیارات لوکل گورنمنٹ کو منتقل کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 15 سال سے برسر اقتدار ہے اور ڈاکو پنپ رہے ہیں، شہر میں تمام منشیات کے اڈے پولیس کی سرپرستی میں چل رہے ہیں، یہ ہماری نسل کو برباد کر رہے ہیں، سٹریٹ کرائم انتہائی درجے پر چلے گئے، 90 فیصد کرائم رپورٹ ہی نہیں کیا جاتا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت پر شب خون مارا، ان کی 50 سالہ تاریخ بچے بچے کو یاد ہوگئی ہے، نلکے میں پانی نہیں آتا اور بلاول کو وزیراعظم بنائیں گے۔