کراچی میئر کا الیکشن ٹریلر، عوامی مینڈیٹ کا تحفظ نہ ہوا تو ملک بھر میں یہی ہوگا:حافظ نعیم

Published On 24 June,2023 01:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میئر کا الیکشن ٹریلر ہے فلم ابھی باقی ہے، کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ نہ ہوا تو کل پورے ملک میں یہی ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں قبضے سے میئر بٹھا دیا گیا ہے، ہم کراچی پر اس قبضے کو برقرار نہیں رہنے دیں گے، پیپلز پارٹی نے 15 سال میں کراچی کو کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا، پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر صوبے کے ادارے تباہ کر دیئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے نوجوانوں پر نوکری کے دروازے بند کر دیئے، کراچی میں پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ نہیں، جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی انتخابات کو ملک بھر کی دھاندلی قرار دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی الیکشن میں 31 بندوں کو روکا گیا یا خریدا گیا، ہم وہ لوگ نہیں جن کی یہ بولی لگا دیں اور کرپشن کے پیسے سے خرید لیں، پیپلز پارٹی کے میئر کو جانا ہوگا، ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن جمع کرا دی ہے، ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ کا آپشن موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ان کے گلے کا کانٹا بن چکا، نکال سکتے ہیں نہ نگل سکتے ہیں، میثاق معیشت سے پہلے ان کو حساب دینا ہوگا، چہرہ دکھا کر لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ بدترین حالات میں بھی کراچی معاشی حب ہے، پر امن احتجاج کے ذریعے ہم اپنا حق حاصل کریں گے۔