کراچی: (دنیا نیوز) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان نے میئر کا انتخاب ہارنے کے بعد طوطا فال نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ طوطا بھی حافظ صاحب کی طرح ناشتے میں کڑوے کریلے کھا کر زہریلی پیشن گوئیاں کروا رہا ہے، طوطے نے حافظ نعیم کو میئر بننے کی فال غلط نکال کر دی، بلاول بھٹو کے وزیر اعظم نہ بننے کی بھی غلط فال نکالی، انشااللہ بلاول بھٹو ملک کا وزیراعظم بن کر ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میئر اور ٹاؤن چیئرمین نے ملکر اس شہر کی جس طرح عید پر صفائی کو یقینی بنایا اس سے حافظ نعیم پریشان ہیں، حافظ نعیم اب شہر کی پولیس سے بھی نا خوش نظر آتا ہے ان پر بھی تنقید حیران کن ہے، میئر شپ ہارنے کے بعد ان کے عصابوں پر خراب اثر پڑا ہے، حافظ نعیم کو فال نکالنے کا کام چھوڑ کر کچھ دن آرام کرنا چاہیے۔