اسلام آباد: (فوزیہ علی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پہلی مون سون بارشوں کا سلسلہ 3 سے 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ مون سون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں، متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں آج سے مون سون بارشوں کا امکان، اربن فلڈنگ کا خطرہ
ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے، سیاح و مسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں۔
کسان و مویشی مالکان کو موسمی حالات کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، متعلقہ ادارے سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کریں۔