قرآن پاک کی بے حرمتی کا سویڈن حکومت بھرپور نوٹس لے: وزیر اعظم شہباز شریف

Published On 03 July,2023 05:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے پر اطمینان ہے، پاکستان او آئی سی اجلاس کی بھرپور تائید کرتا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی، سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بدقسمتی سے یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، سویڈن حکومت ان واقعات کا بھرپور نوٹس لے، ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سٹاک مارکیٹ میں غیرمعمولی اضافے پر قوم اور کاروباری برادری کو مبارکباد

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ پندرہ ماہ سے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کو درپیش مسائل حل کریں گے، آئی ایم ایف معاہدے پر وزارت خزانہ اور ان کی ٹیم کو دل گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے، کابینہ نے بھی بھرپور سفارتی سطح پر کوششیں کیں، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ نے اس معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایم ڈی آئی ایم ایف اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کا بھی شکرگزار ہوں، آئی ایم ایف ڈیل ہونے سے کئی ماہ پہلے چین نے بھرپور مدد کی، آئی ایم ایف سے جولائی میں پہلی قسط 1۔1 ارب ڈالرکی ہو گی، سعودی عرب نے 2 ارب اور یو اے ای نے ایک ارب ڈالر دینے کی یقین دہانی کرائی اس میں آرمی چیف کا کلیدی رول ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کی تیاریاں: مسلم لیگ (ن) کا رواں ماہ سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم حکومت میں ہوں یا نہ ہوں اگلے پندرہ سے 20 سال سب مل کر کام کریں گے تو ترقی ہمارے قدم چومے گی، آئی ایم ایف ڈیل فخریہ نہیں لمحہ فکریہ ہے، اللہ کرے آئی ایم ایف سے یہ آخری ڈیل ہو، الیکشن میں اللہ جس کو بھی موقع دے وہ پالیسی فریم ورک پر کام کرے۔