اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 کو پاکستان کو اندھیرے کی طرف دھکیل دیا گیا تھا، پاکستان آج تک اس اقدام کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے 5 جولائی یوم سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 5 جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آئین شکن ٹولے نے اقتدار کی لالچ میں قوم سے آئین کا نور چھین لیا تھا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ اقتدار کے لالچی ٹولے نے وطن کی آزادی، خودمختاری اور خودداری کو پامال کیا، ذوالفقار علی بھٹو شہید نے باوقار اور ایٹمی پاکستان کی تعمیر کی تھی، ذوالفقاربھٹو شہید کی زیر قیادت پاکستان تیز رفتاری سے ترقی کی منزلیں طے کر رہا تھا۔
خیال رہے کہ 5 جولائی 1977 کو فوجی جنرل ضیاء الحق نے ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا، پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کے دن کو یوم سیاہ کی طور پر منارہی ہے۔