راولپنڈی : (دنیانیوز) آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر عبداللہ شاہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا، فرار کا راستہ بند ہونے پر دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی ، فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے بہادر سپوت میجر عبداللہ شاہ شہید ہوگئے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا، علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا ، سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کا عفریت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی شہادت سیکیورٹی فورسز کے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔