حوالدار لالک جان شہید کا 24 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے

Published On 07 July,2023 04:43 am

راولپنڈی : ( دنیا نیوز ) کارگل کے محاذ پر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 24 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حوالدار لالک جان نے بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، ڈیوٹی پر پختہ ارادہ اور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے ہمت ہماری مسلح افواج کی بہترین مثال ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے بہادر ہیروز نے مادر وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں، پاکستانی قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئیے ہم ان ہیروز کو یاد رکھیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں، شہدا کی قربانیاں ہم سب اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔