عالمگیر ترین نے آخری بار منگیتر سے کیا بات کی؟، پولیس نے ریکارڈ حاصل کرلیا

Published On 09 July,2023 02:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سرپرست اعلیٰ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی مبینہ خودکشی کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، انویسٹی گیشن پولیس نے کال ڈیٹا سے عالمگیر ترین کی اپنی منگیتر سے ہونے والی آخری گفتگو کا ریکارڈ حاصل کر لیا۔

ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے کال ڈیٹا سے عالمگیر ترین کی اپنی منگیتر سے ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، انویسٹی گیشن پولیس نے عالمگیر ترین کی منگیتر سے ملاقات کی ہے، عالمگیر ترین کی منگیتر نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔

خاتون نے انویسٹی گیشن پولیس کو بتایا کہ جس رات عالمگیر نے خودکشی کی اس شام 4 سے ساڑھے 4 بجے تک فون پر بات ہوئی، ٹیلی فون پر روٹین کی باتیں ہوتی رہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمگیر ترین نے رات ایک سے دو بجے کے درمیان خودکشی کی، متوفی کے قتل کے تاحال کوئی شواہد نہیں ملے، فارنزک اورپوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

یاد رہے گزشتہ دنوں عالمگیر ترین نے اپنے گھر میں خودکشی کر لی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عالمگیر ترین کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی۔