الیکشن وقت پر ہوں گے، امید ہے قوم ملک کو آزمائش میں نہیں ڈالے گی: فضل الرحمان

Published On 09 July,2023 07:52 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، قوم سے امید ہے کہ وہ دوبارہ ملک کو کسی آزمائش میں نہیں ڈالے گی، ملک کو تباہی سے ہمکنار کرنے والوں سے نجات کیلئے سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔

سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایک ماہ بعد مرکز کی حکومت کی مدت پوری ہو جائے گی، وزیر اعظم نے واضح کر دیا ہے کہ ہم اپنی مدت پوری کرنے پر حکومت چھوڑ دیں گے اس کے بعد الیکشن کی طرف جانا ہو گا، اس حوالے سے مشکلات کا بھی سامنا ہے، قرضوں کا بوجھ بھی کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ دوست ممالک کی مدد اور آئی ایم ایف سے بھی مدد مل چکی ہے، معاشی بہتری کے ساتھ قیمتوں میں کمی آئے گی، بہتری کی طرف سفر شروع ہو چکا ہے، میں نے جلسوں میں بھی کہا تھا کہ ملک معاشی طور پر بہت کمزور ہے، دوست ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری دوسرا بڑا قدم ہو گا، عام آدمی کی خدمت کیلئے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیض حمید نے سسٹم میں تبدیلی لانے کا کہا لیکن میں نے انکار کر دیا: مولانا فضل الرحمان

سربراہ جے یو آئی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی ترجیحات سمجھ نہیں آ رہیں، جو دنیا ہمارے دین کی توہین کرتی ہے اور وہی دنیا چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں بات کرتی ہے، وہ سی پیک اور سرمایہ کاری روکتا ہے، اس کے قول و فعل میں تضاد ہے، ہم نے اس کے خلاف سنجیدہ جنگ لڑی ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ایجنڈے کو روکا ہے، ہم گیارہ سال بھرپور انداز میں اپنے موقف پر قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حکومتی اور ریاستی سطح پر قرآن پاک کو جلانے کے خلاف دن منایا یہ اچھا قدم تھا، جیل بھرو اور لانگ مارچ میں لوگ کیوں نہیں نکلے، دنیا میں بعض واقعات ایسے بھی ہوئے جہاں لیڈر شپ نہیں تھی لیکن عوام نکلی،9 مئی سے پہلے لانگ مارچ میں عوام نہیں نکلی، بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی نے پی ٹی آئی کو ہرایا، فضاء کچھ اور ہے اور دیکھایا کچھ اور جا رہا ہے۔