گوجرانوالہ: نگران وزیر اعلیٰ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ڈی ایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا

Published On 09 July,2023 08:56 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سرپرائز دورے پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ پہنچ گئے۔

ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے سخت برہمی کا اظہار کیا، مریضوں اور تیمار داروں نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اے سی بند ہونے سے وارڈز میں حبس کے باعث مریض بے حال ہیں، ہسپتال میں داخلے اور وہیل چیئرز کیلئے عملے کی جانب سے سر عام رشوت طلب کی جاتی ہے، صفائی کی صورتحال بھی ابتر ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے ڈی ایم ایس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ ایسا سلوک کسی صورت برداشت نہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں ناقص صورت حال دیکھ کر بہت افسوس ہوا، عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں۔

محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ آئندہ سے کسی ہسپتال میں ایسی صورتحال کا مقامی ڈی سی کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز اپنے شہروں میں ہسپتالوں کے معاملات کو دیکھیں، آپ پنجاب حکومت کے نمائندے ہیں اور ان چیزوں کو مقامی طور پر ٹھیک کر سکتے ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ایم ایس جو ڈپٹی کمشنرز کے آرڈر لینے کو تیار نہیں ہے ہمیں بس نام بھیجیں، براہ کرم کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اپنے شہر کے معاملات کو ذمہ داری سے سنھبالیں۔