سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسر اور اہلکاروں کیلئے چینی لینگوئج کورس پروگرام شروع

Published On 08 July,2023 04:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے افسر اور اہلکاروں کو چینی زبان کا کورس کرانے کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے الرازی ہال میں تقریب کا انعقاد ہوا۔

تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین (Mr. Zhao Shiren) مہمان خصوصی تھے، ایس پی یو کے افسروں اور اہلکاروں کیلئے چینی زبان کا کورس 16 ستمبر تک جاری رہے گا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسروں اور عملے کیلئے چینی زبان سکھانے کا پروگرام شروع کرنے پر چین کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ چینی زبان اب ایک بین الاقوامی لینگوئج بن چکی ہے، چینی لینگوئج سیکھنے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے عملے کو چینی بھائیوں سے بات چیت میں آسانی ہو گی، چینی قونصل جنرل زاؤ شیرین نے ذاتی دلچسپی لے کر ہماری درخواست پر ایس پی یو کیلئے چینی زبان کا کورس شروع کرایا۔

محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ ایس پی یو غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی بھائیوں کی حفاظت کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، چین کے تعاون سے صوبے کے عوام کی فلاح کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔

چینی قونصل جنرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی کی خواہش پر چینی قونصلیٹ نے پنجاب حکومت کے تعاون سے یہ پروگرام شروع کیا ہے، محسن نقوی کی عوامی خدمات سے بہت متاثر ہوں، دو طرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے بھی وزیر اعلیٰ محسن نقوی مثالی اقدامات کر رہے ہیں۔

چینی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ایس پی یو کے افسروں اور اہلکاروں کیلئے چینی لینگوئج کا کورس خصوصی اہمیت رکھتا ہے، بھرپور تعاون پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی ایس پی یو طیب حفیظ چیمہ، سی سی پی او لاہور، ڈپٹی قونصل جنرل چینی قونصلیٹ، چینی زبان سکھانے والے ٹیچرز اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسر و اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔