کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں 17 جولائی سے گرین بس سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہریوں خاص طور پر طلباء کیلئے 17 جولائی سے گرین بس سروس کا آغاز کیا جائے گا، گرین بس کے آغاز سے متوسط طبقے کو سفر کی بہتر سہولت ملے گی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا ہے کہ بزرگ، خواتین، بچے اور طلباء اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے، گرین بس منصوبہ طویل عرصہ سے تعطل کا شکار تھا، رب کائنات کے فضل سے منصوبہ فعال ہونے جا رہا ہے، گرین بس منصوبے کا افتتاح کوئی وی آئی پی نہیں بلکہ بس سے سفر کرنے والا کوئی بھی عام شہری کرے گا۔