اسلام آباد : (دنیانیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے شکرگڑھ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کے بروقت انخلاء اور مدد پر رینجرز اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نےشکرگڑھ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کے بروقت انخلا اور مدد پر رینجرز اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں لوگوں کی آگاہی اور بروقت و با حفاظت انخلا کی تیاریوں کی بھی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ رینجرز اور ریسکیو کی بروقت امدادی کارروائی سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کی جان بچائی گئی ، پاکستان کے فرض شناس سپوتوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے ریسکیو اداروں کو راوی، چناب اور ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کردی۔
انہوں نے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں لوگوں کی آگاہی اور بروقت و بحفاظت انخلاکی تیاریوں کی بھی ہدایت کی ۔
واضح رہے کہ بھارت سے آنے والا 70 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ شکرگڑھ کے سرحدی گاؤں جلالہ میں داخل ہوگیا، سیلابی ریلے کے باعث فصلیں زیر آب آگئیں اور دھان کی کاشت میں مصروف افراد پھنس گئے، تقریباً 300 مرد و خواتین اور بچوں کو ریسکو کیا گیا ہے ۔
بھارت نے گزشتہ روز دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک کا ریلہ چھوڑا تھا، سیلابی ریلہ نیناں کوٹ سے ہوتا ہوا کرتارپور جسر پہنچنا شروع ہوگیا ہے، اگلے 48 گھنٹوں میں شاہدرہ لاہور پہنچے گا، دریائے راوی، نالہ بئیں اور دیگر معاون ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔
دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ اضلاع میں انتظامیہ الرٹ ہے، سیلاب کے پیش نظر مختلف اضلاع میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔