لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہوائیں ملک کے بلائی علاقوں میں داخل ہوگئی ہیں جس کے باعث مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل برسنے کو تیار ہے۔
محکمہ موسمیات نے 13سے 17 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور اس حوالے سے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
آئندہ چند روز تک پنجاب کا موسم بہتر ہونے کا امکان ہے، مون سون بارشوں کے دوسرے سپیل سے گرمی کی شدت میں کمی ہو گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 20 سے 21 جولائی کے بعد تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری رہنے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے جنوب مغرب کی جانب سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔