نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس

Published On 15 July,2023 09:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے زیر صدارت اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس، تمام مکاتب فکر کے 70 سے زائد جید علماء کرام، مشائخ عظام نے شرکت کی۔

اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا، کمیٹی کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ بھی سامنے آیا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کا اجلاس سال میں کم از کم 4 مرتبہ ہو گا، اتحاد بین المسلمین فورم فعال اور مضبوط ہونے سے علماء کرام اور حکومت کے درمیان اشتراک کار بہتر ہو گا، پُرامن پاکستان کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اجلاس میں سویڈن میں توہین قرآن اور بائبل کو جلائے جانے کی اجازت کے عدالتی فیصلے اور اقوام متحدہ میں اسرائیل کی پاکستان کے بارے میں ہرزہ سرائی کی مذمت کی گئی، 9 مئی کے واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔