کراچی : (دنیانیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسمبلی اپنی مدت پورے کرے گی ، توڑنے کی تاریخ کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، فیصلہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کی مشاورت کے بعد ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت روزگار بڑھانے کیلئےاقدامات کررہی ہے، پاکستان کو اشد ضرورت ہے کہ انڈسٹریز لگیں، دھابیجی اکنامک زون شروع کیا ہے ، چئیرمین بلاول بھٹو نے کہاہے کہ لوگوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کئے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں قدرتی معدنیات موجود ہیں ، معدنیات کو پہاڑوں سے نکال کر مارکیٹ تک رسائی دینے کے لیے کام کر رہے ہیں ، سیلاب کی وجہ سے انٹرنیشنل انویسٹر کانفرنس کرنے جا رہے تھے جو ملتوی ہوئی، ہم عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ حکومت جس کی بھی ہو پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں، ملک کی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے ، پاکستان کو معیشت کے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری سے معیشت مستحکم ہوگی، ہمیں ملک کی ترقی کیلئے طویل مدتی پالیسی بنانا ہوگی۔
پیپلز پارٹی رہنما کاکہناتھا کہ کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ملک توڑنے کی بات نہیں کرتی، آج سے 4سال پہلے نفرت کا پودا لگایا گیا ، ایک شخص کو بچانے کیلئے اسرائیل کھل کر سامنے آگیا، کسی کو اختیار نہیں کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے، پی ٹی آئی کی قیادت ملک کے خلاف سازشیں کررہی ہیں، پاکستان کے دشمن ممالک انہیں فنڈنگ کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ملیر،ملتان،کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی الیکشن جیتی، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں کو جوڑنے کی بات کرتی ہے، ہم ایک ہوکر پاکستان کے فیصلے کریں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی، سیاسی ماحول کو گرمانے کیلئے ایم کیو ایم بیانات دے رہی ہے، جتنے مصنوعی تجربے کرنے تھے کرلیے، پاکستان کو آگے چلانے کا واحد حل محبت اوریکسانیت ہے ۔
شرجیل میمن نے کہا کہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، عوام جس کو چاہے گی ووٹ دےگی، کئی لوگ پیپلز پارٹی سے رابطےمیں ہیں، کئی لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔