اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید شاہنواز خان بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شہید شاہنواز خان بھٹو کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید شاہنواز جمہوریت پسند رہنما تھے، ان کا قتل بھٹو خاندان اور بھٹو خاندان کے عقیدت مندوں کیلئے صدمہ تھا، شہید شاہنواز خان بھٹو آئین اور جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد کرتے رہے، گڑھی خدا بخش بھٹو کا قبرستان جمہوریت کیلئے جانیں قربان کرنے والوں سے آباد ہوا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ جمہوریت کا تابناک سورج گڑھی خدا بخش کے قبرستان سے شہیدوں کے خون کی لالی لیکر طلوع ہوتا ہے، 18 ویں آئینی ترمیم جمہوریت کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کی جدوجہد کی تکمیل ہے، ہماری جدوجہد ابھی جاری ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے، جمہوری، خوشحال، خود مختار اور باوقار پاکستان جمہوریت پسندوں کی منزل ہے۔