پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کے زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات بارے اجلاس ہوا، جس میں سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکا کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مرتب کردہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبے میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے خصوصی دستے تعینات ہونگے۔
وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ جلوسوں اور مجالس کی موثر انداز میں مانیٹرنگ کے لیے محکمہ داخلہ میں سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، حساس اضلاع، مقامات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ اسلحہ کی نمائش ، ڈبل سواری، نفرت انگیز وال چاکنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بریفنگ کے مطابق منفی پراپیگنڈا کی روک تھام کے سلسلے میں سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے، حساس اضلاع میں موبائل سروس کی بندش کا شیڈول متعلقہ حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران حساس اضلاع، مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔