لاہور: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ مختلف واقعات میں 3 بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، لاہور کے علاقوں قرطبہ چوک ، شادمان، جیل روڈ، مال روڈ، کینال روڈ ، گڑھی شاہو، اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفی ٹاؤن اور دیگر مقامات پر کئی گھنٹوں تک بادل وقفے وقفے سے برستے رہے۔
لاہور میں مسلسل بارش کے بعد متعدد علاقے زیر آب آگئے جس کے بعد سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی، موسلادھار بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم رہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں کرنٹ لگنے سے 2 بچوں سمیت 5 جاں بحق
صوبائی دارالحکومت میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوئے، ڈیفنس میں سوئچ آن کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت 32 سالہ سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔
کرنٹ لگنے کا دوسرا واقعہ ہربنس پورہ میں پیش آیا جہاں ایک 28 سالہ نوجوان اعجاز زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
دھوبی محلہ چرر پنڈ میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، بچے بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے قریبی کھمبے میں آئے کرنٹ کی زد میں آئے، مرنے والوں میں 8 سالہ زبیر اور 12 سالہ فیضان شامل ہیں جبکہ 10 سالک ظہیر کی حالت بھی نازک ہے۔
قلندر پورہ مین بازار میں بھی ایک شخص کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا، متوفی کی عمر 30 سال اور شناخت جواد ولد اشرف کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو مناواں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بچی سمیت 12 افراد دیواروں تلے دب گئے
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث دیواریں گرنے کے نتیجے میں بچی سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے، دیوار گرنے سے11 افراد کی ہلاکتیں تھانہ نون کے علاقے میں ہوئیں جبکہ 4 کو زخمی حالت میں ملبے کے نیچے سے نکال لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا جبکہ امدادی ٹیموں نے لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیں، ادھر تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹاؤن میں بھی 11 سالہ بچی دیوار گرنے سے جاں بحق ہو گئی۔
وزیراعظم کا واقعے پر اظہار افسوس
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں دیواریں گرنے سے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، وزیراعظم نے مرحومین کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی، وزیر اعظم نے بارش کے سبب انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے بھی گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔
جڑواں شہروں میں بارش ، الرٹ جاری
دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، راولپنڈی کے علاقہ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 15 فٹ سے اوپر ہو گئی، نالہ لئی میں سیلابی کیفیت کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجادئیے گئے جبکہ نشیبی علاقوں سے شہریوں کی نقل مکانی شروع کردی گئی ہے ۔
پاک فوج سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہےکہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔
ڈی سی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز ، مجسٹریٹس ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، سی ڈی اے اور ریسکیو ایم سی آئی کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، تاحال ای الیون ، جی نائن ، ایچ 13، آئی9 ،ایف سیون اور جی سیون کی کچی آبادی کے نالوں میں پانی کی سطح کنٹرول میں ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈی واٹر سیٹس کیساتھ ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں ۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہےکہ راولپنڈی میں بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، ٹریفک عملے کو بارش کے دوران ڈرائیوروں کی مدد کو یقینی بنانےکی ہدایات کی گئی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مری نے بھی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لفٹرز اور بریک ڈاؤنز پیٹرولنگ حالت میں رہیں، شہریوں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں۔
محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 138 ملی میڑ جبکہ راولپنڈی میں 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مری اور گلیات میں مون سون کی طوفانی بارش کا نیااسپیل شروع ہوگیا ، موسلادھار بارش نے جہاں جل تھل ایک کر دیا ہے ، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔
آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، مظفرآباد اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوارتو ہوا لیکن سڑکیں تالاب کامنظر پیش کرنے لگی ہیں ، مظفرآبادکے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ، بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی بارش کی پیش گوئی کردی ، کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ رات اور دن میں بوندا باندی کا امکان ہے، شہر میں جمعرات سے مون سون کا دوسرا سسٹم انٹری دے گا، جس کے باعث 20 سے 22 جولائی تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب، کشمیر، خطہ پوٹھوہار میں بھی مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شمال /مشرقی بلو چستان اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے ۔