اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر سے کوئٹہ سے آئے ہوئے سرکاری افسران پر مشتمل مڈ کیریئر منیجمنٹ کورس کے شرکاء نے ملاقات کی، ڈاکٹر عارف علوی نے بیورو کریسی کی جانب سے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سرکاری افسران ملک میں گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، بیورو کریسی ملکی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے محنت اور اخلاص کے ساتھ کام کرے، ملکی ترقی اور لوگوں کو اِنصاف کی فراہمی کیلئے سرکاری حکام کو بروقت فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ فیصلہ سازی میں تاخیر خدمات کی فراہمی اور ملکی ترقی پر منفی اثر ڈالتی ہے، ہمیں بہتر اخلاق اور انکساری کی اقدار کو اپنانے کی ضرورت ہے، پاکستانی بیورو کریسی کو نظام بہتر بنانے اور فکری استعداد میں اضافہ کرنا ہوگا، کارکردگی میں بہتری اور مؤثر فیصلہ سازی کیلئے افسران خود کو جدید مہارتوں سے لیس کریں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا ہے کہ بیورو کریسی عوام کی خدمات تک رسائی بہتر بنانے اور اداروں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرے، سرکاری حکام خود کو اپنے شعبے کی جدید مہارتوں سے لیس کریں، تیز رفتار ترقی کیلئے سرکاری افسران لوگوں کی توقعات کی مطابق خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔